بنگلور:10/مارچ(ایس او نیوز)وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار نے آج بتایاکہ ریاست میں اگلے ایک سال تک بجلی کی قلت درپیش نہ ہو اس کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ اس خصوص میں آج محکمہ کے اعلیٰ افسران سے تبادلہئ خیال کرتے ہوئے ابھی سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، انہوں نے بتایاکہ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال ہے اس کے باوجود گرما میں بجلی کی قلت کو دور کرنے کیلئے مرکزی حکومت کے فنڈ سمیت دیگر ذرائع سے 2000میگاواٹ بجلی حاصل کرلی گئی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاست میں بجلی کی قلت نہیں ہوگی، اور کسی بھی حال میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔گرما کے دوران بھی کسانوں کو مناسب طور پر بجلی فراہم کی جائے گی۔ ریاست میں بجلی کی پیداوار اطمینان بخش ہے، ایسے میں افزود بجلی کی خریداری کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ڈی کے شیوکمار نے بتایاکہ جون، جولائی کے دوران بارش نہ ہونے کی صورت میں صورتحال پر قابو پانے سے متعلق افسران سے تبادلہئ خیال کیاگیاہے۔تنگا بھدرا میں پانی کی ذخیرہ اندوزی میں اضافہ متوقع ہے، ایسے میں بجلی کی پیداوار میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔